ایرانی تیل درآمد کرنے والے ممالک پر تحدیدات سے مشرق وسطی میں شدید گڑبڑ کا امکان : چین

بیجنگ ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین نے انتباہ دیا ہیکہ امریکہ کی ایران کا تیل خریدنے والے ممالک پر پابندی سے مشرق وسطیٰ اور توانائی کی عالمی مارکٹ میں ’’شدید گڑبڑ‘‘ پیدا ہوجائے گی۔ امریکہ نے دوشنبہ کو اعلان کیا کہ اس نے جو 6 ماہ کا استثناء دیا جس سے چین سمیت کئی ممالک ایران سے تیل درآمد کررہے تھے اس رعایت کو ختم کردیا گیا ہے اور ایرانی تیل پر پابندی دوبارہ عائد کردی گئی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ سوانگ نے معمول کے مطابق ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ چین سختی سے امریکہ کی یکطرفہ تحدیدات کے نفاذ کا مخالف ہے۔ یہ امریکہ کا حد سے بڑھ جانا ہے۔ امریکہ اپنے ہاتھوں کی لمبائی سے زیادہ حد پار کرنا چاہتا ہے۔ ایران کی تیل کی درآمدات کو ’’صفر‘‘ تک گھٹانے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ ان کو نشانہ بنارہا ہے جو تیل سے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کررہے ہیں۔