ایرانی تحدیدات، عدم تعمیل پر سخت کارروائی کیلئے امریکہ تیار

واشنگٹن۔14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ انتظامیہ کی ایک سرکردہ عہدیدار نے قانون سازوں سے کہا ہے کہ ایران پر عائد تحدیدات کی پابندی نہ کرنے کے مرتکب پائے جانے والے ممالک اور اداروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کے لیے امریکہ پوری طرح تیار ہے۔ ایران کے خلاف امریکی پاربندیوں میں اسلامی جمہوریہ سے تیل کی خریدی کو صفر کی حد تک گھٹادینا بھی شامل ہے۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ برائے اقتصادی و کاروباری امور منشیات نے قانون ساز ادارہ کانگریس کی سماعت کے دوران کہا کہ ’’نئی پابندیوں پر تکمیل میں ہمارا تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف ممکنہ حد تک سخت ترین کارروائی کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں۔‘‘ کانگریس کے رکن ایلیوٹ اینجل کے ایک سوال پر ہندوستانی نژاد منیشا سنگھ نے جواب دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنے تمام حلیفوں اور ساجھیداروں سے بات چیت کررہا ہے اور یہ باور کروانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ایران نیوکلیئر سمجھوتہ سے اپنی دستبرداری کے بعد امریکہ کی طرف سے عائد کردہ ایران پر نئی تحدیدات پر مکمل تعمیل کی جائے۔ امریکہ نے ہندوستان اور دیگر ممالک سے کہا ہے کہ ایران سے تیل کی درآمدات کو 4 نومبر تک صفر کردیا جائے۔ سعودی عرب اور عراق کے بعد ایران ہی ہندوستان کو تیل سربراہ کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ اپریل 2017ء اور جنوری 2018ء کے درمیان ایران کی طرف سے ہندوستان کو 18.4 ملین ٹن خام تیل سربراہ کیا گیا تھا۔