ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان کے اعزاز میں ظہرانہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے آج قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان کو ظہرانہ پر مدعو کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی قیامگاہ واقع اعظم پورہ میں عید ملاپ کے سلسلہ میں اس ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں قونصل جنرل ایران کے علاوہ کونسلیٹ میں سینئر کونسل علی پریاد اور چیف پبلک ریلیشن آفیسر سید علی اکبر نیرومند نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ہند۔ایران تعلقات اور خاص طور پر حیدرآباد و ایران کے صدیوں قدیم روابط پر بات چیت کی گئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور ایرانی سفارتی عہدیداروں نے حیدرآباد اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لیا۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ٹی آر ایس حکومت سرمایہ کاری کرنے والوں کو مختلف مراعات فراہم کر رہی ہے۔ اگر ایرانی ادارے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کریں تو حکومت تمام سہولتیں فراہم کرنے تیار ہے ۔ ایران اور حیدرآباد کے تعلقات کو تاریخی نوعیت کا حامل قرار دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے گزشتہ 400 برسوں سے ایران اور حیدرآباد ایک دوسرے سے کافی قریب ہے اور ایرانی تہذیب و تمدن کی جھلک حیدرآباد میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ حکومت ایران کی جانب سے گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو اور دیگر پراجکٹس پر بھی گفتگو رہی۔ ایرانی سفارتکار نے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کو دورہ ایران کی دعوت دی، جس پر انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اس سلسلہ میں مشاورت کے بعد وہ کوئی فیصلہ کریں گے۔ ایرانی سفارتکاروں نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی پہلی حکومت کی جانب سے عوامی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور ترقیاتی اقدامات میں کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔