ممبئی ۔ /5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بوئینگ 777 طیارہ میں فنی خرابی پیدا ہوجانے کے سبب یہاں سے دہلی جانے والے ایرانڈیا کے ایک طیارہ میں سوار 282 مسافرین کو آج دشوار وقت سے گزرنا پڑا اور وہ تقریباً تین گھنٹوں تک طیارہ میں بیٹھے رہنے پر مجبور ہوگئے ۔ باخبر ذرائع نے کہا کہ یہ طیارہ اے آئی 809 ، 11:15 بجے دن چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے نئی دہلی روانہ ہونے والا تھا لیکن اس میں تکنیکی خرابی کے سبب تقریباً ساڑھے تین گھنٹوں کی تاخیر سے دوپہر 2:34 بجے پرواز کرسکا اور اس وقت تک اس میں سوار مسافرین طیارہ میں ہی بیٹھے رہے تھے ۔ رابطہ کرنے پر ایرانڈیا کے ترجمان نے کہا کہ ممبئی ۔ دہلی طیارہ کی آج صبح کی پرواز تکنیکی خامی کے سبب تاخیر پذیر ہوئی ۔ ایرانڈیا نے اس طیارہ کی پرواز سے عین قبل ہونے والی خرابی کاپتہ چلنے پر مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے ۔