غیرذمہ دارانہ طرزعمل پر سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ
نئی دہلی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایرانڈیا نے قومی ادارہ کی ترقی کو سبوتاج کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا۔ بعض پائلٹس الاونسیس کی عدم ادائیگی اور دیگر مسائل کے خلاف بطور احتجاج اتوار کو ڈیوٹی پر رجوع نہیں ہوئے جس کی وجہ سے پروازیں جزوی طور پر متاثر رہی۔ ایرانڈیا چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر اشوانی روہنی نے سخت پیام جاری کرتے ہوئے کہاکہ ایسے وقت جبکہ تنظیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے متحدہ کوششیں جاری ہیں اور ملازمین کی بہبود پر توجہ مرکوز کی جارہی ہیں۔ بعض پائلٹس کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے۔ ان کی اس لاپرواہی کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پائلٹس کے ایک گوشہ کی ڈسپلن شکنی کے سبب پروازوں میں تاخیر ؍ منسوخی ہوئی اس سے نہ صرف مالی خسارہ ہوتا ہے بلکہ مسافرین کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں اور تنظیم کا وقار بھی متاثر ہوتا ہے۔