واشنگٹن ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج ایک بار پھر ایران کے خلاف لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو غیرمستحکم کرنے میں ایران نے جارحیت کی تمام حدود کو پار کرلیا ہے جس سے علاقائی امن اور سیکوریٹی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائرکٹر برائے پالیسی منصوبہ بندی برائن ہوک نے کہا کہ اگر ایران کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں پر نظر ڈالی جائے تو یہ کہنا مشکل ہوجائے گا کہ وہ کوئی تعمیری سرگرمیوں میں ملوث ہے یا پھر گذشتہ دو سالوں میں اس نے کوئی عصری نوعیت کی پیشرفت کی ہے لیکن بات اس کے بالکل برعکس ہے۔ ایران سے کسی بھی تعمیری سرگرمی کی توقع نہیں کی جاسکتی بلکہ مشرق وسطیٰ میں حالات کو ابتر کرنے میں ایران کا ہی رول ہے۔ اخباری نمائندوں سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ہوکس نے کہا کہ ایران میں جن امریکی شہریوں کو قید و بند کی صعوبتیں جھیلنا پڑ رہا ہے ان کی رہائی کیلئے بھی انہوں نے ایرانی وفد سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ایسی منصوبہ بندی کی ہے جس کے ذریعہ ایران سے پائی جانے والی سیکوریٹی کے خطرات کی یکسوئی کی جاسکے۔