ایتھوپین ایرلائنز کے متوفی پائلٹس پر فخر ہے : سی ای او

عدیس ابابا ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایتھوپین ایرلائنز کے سربراہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایرلائنز کے ان پائلٹوں پر ناز ہے جنہوں نے لمحۂ آخر تک طیارہ کو حادثہ سے بچانے کی کوشش جاری رکھی لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا۔ ایرلائنز سی ای او ٹیوولڈ گیبرے مریم نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم 150 مہلوک مسافرین کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہارتعزیت کرتے ہیں لیکن ان پائلٹس کو میرا سلام ہے جنہوں نے ایمرجنسی طریقہ کار سے لمحہ آخر تک طیارہ اور مسافروں کو بچانے کی کوشش کی جس میں وہ خود بھی ہلاک ہوگئے۔ صورتحال اتنی سنگین تھی کہ ہر کوئی نہ صرف اپنی بلکہ دیگر مسافرین کی جان بچانے کیلئے کوئی بھی طریقہ کار استعمال کرسکتا تھا اور وہی کام پائلٹس نے کیا۔ ایتھوپین ایرلائنز کے تمام اسٹاف ارکان آج بھی اس حادثہ پر غمزدہ ہیں اور ان لوگوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں جنہوں نے حادثہ میں اپنے عزیزوں کو کھودیا۔ یاد رہیکہ حادثہ کا شکار اس طیارہ میں زائد از 30 ممالک کے شہری سوار تھے لیکن کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔