ایبولا وائرس کیخلاف ویکسین، انسانوں پر پہلا تجربہ کامیاب

لندن ۔ 27 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایبولا وائرس کے انسداد کیلئے زیر آزمائش ویکسین کے پہلے مرحلے کے نتائج مثبت آئے ہیں، جس کے بعد محققین نے یہ اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ اِس مہلک وباء کا علاج دریافت کرنے کے مزید ایک قدم قریب پہنچ گئے ہیں۔ امریکی ’نیشنل انسٹیٹیوٹس آف ہیلتھ‘ کے مطابق اس وائرس کے خاتمے کیلئے تیار کردہ ویکسین کی آزمائش کے پہلے مرحلے میں اسے 20 بالغ اور صحت مند افراد کو مختلف مقداروں میں دیا گیا۔ اس طبّی ٹسٹ کا حصہ بننے والے تمام افراد میں ایبولا وائرس کے خلاف کارآمد ثابت ہونے والی ’اینٹی باڈیز‘ بنیں۔ حکام کے مطابق اگلے مرحلے کے ٹسٹ متاثرہ ملکوں میں آئندہ برس کئے جائیں گے۔