نئی دہلی۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج اعلان کیا کہ وہ مہلک وائرس ایبولا کے خلاف مہم میں اقوام متحدہ کی مدد کرنے کے لئے 12 ملین امریکی ڈالرس کا عطیہ دے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ امریکہ سے چند گھنٹوں قبل ہی اس عطیہ کو منظوری دی گئی ہے۔ مودی 27 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 69 ویں سیشن سے خطاب کریں گے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایبولا کا خاتمہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے فنڈ میں یہ عطیہ دیا جارہا ہے۔ مزید 2 ملین امریکی ڈالرس سے ایبولا سے بچنے والے آلات خریدے جائیں گے۔ ایبولا وائرس سے براعظم آفریقہ شدید متاثر ہے۔