ایبولا مشن کے نئے سربراہ کا دورہ مغربی افریقہ

اقوام متحدہ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے ایبولا مشن کے نئے سربراہ اسمعیل شیخ احمد آئندہ ہفتہ مغربی افریقہ کا دورہ کریں گے جو ان کی تقرری کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔ اقوام متحدہ میں ایبولا کے لئے خصوصی قاصد ڈیوڈنبارو ان کے ہمراہ ہوں گے جن کا ایبولا وائرس سے متاثرہ مغربی افریقہ کا چھٹواں دورہ ہوگا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ دورہ کا آغاز گھانا سے ہوگا جس کے بعد گنی، مالی، لائبریا اور سیرالیون میں بھی توقف کیا جائے گا جہاں ایبولا ایمرجنسی رسپانس کے یو این مشن (UNMEER) نے اپنے مشن قائم کر رکھے ہیں۔ اقوام متحدہ ایبولا وائرس کی تباہی کیلئے اپنی پوری توانائی جھونک رہا ہے جس نے اب تک 7800 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا ہے جن میں تقریباً سب کا تعلق مغربی افریقہ سے تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا۔ اقوام متحدہ جنرل سکریٹری بان کی مون نے گذشتہ ماہ کے اوائل میں شیخ احمد کو مقرر کیا تھا جن کی تقرری امریکی انتھونی بانبری کی جگہ پر عمل میں آئی تھی۔