واشنگٹن ۔ 17ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما نے ایبولا وائرس کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیا اوراس سے نمٹنے کیلئے امریکی کوششوں میں توسیع کرتے ہوئے ایبولا سے متاثرہ خطے میں تین ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان بھی کیا ہے۔اوباما نے کہا کہ مغربی افریقی ملکوں میں پھیلی ایبولا کی وبا ’قابو سے باہر‘ ہو رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس مرض کے خلاف تیز تر کارروائیاں کرے۔انہوں نے امریکی محکمہ صحت کے حکام سے ملاقات کے بعد کہاکہ ’’یہاں ایک تلخ حقیقت ہے۔ مغربی افریقہ کو اب ایک وباء کا سامنا ہے، ایک ایسی وباء جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ یہ قابو سے باہر ہو رہی ہے، یہ بدترین شکل اختیار کرتی جا رہی ہے ۔ اس وقت، دنیا کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ حرکت میں آئے، اپنی کوششوں میں اضافہ کرے۔ مملکت ہائے متحدہ امریکہ مزید کوششیں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے‘‘۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)، طبی کارکنوں اور مغربی افریقی ملکوں کے حکام نے ایبولا کے خلاف امریکہ کے نئے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔ تاہم ماہرینِ صحت نے کہا ہے کہ ایبولا پر قابو پانے کیلئے یہ کوششیں کافی نہیں ہیں۔