فری ٹاؤن ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیرا لیون کے حکام نے ایبولا وائرس کے نتیجے میں ایک اور ڈاکٹر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ مغربی افریقہ کے اس ملک میں اس جان لیوا وائرس کے نتیجے میں ڈاکٹروں کی ہلاکتیں دس ہو گئی ہیں۔ سیرا لیون کے طبی حکام نے اتوار کو ایبولا سے متاثرہ ایک ڈاکٹر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر دکھ کا اظہار کیا۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بریما کارگبو کے مطابق ڈاکٹر آئیہ سولومون کونوئیما ہفتے کو چل بسیں۔ ڈاکٹر کونوئیما دارالحکومت فری ٹاؤن میں بچوں کے ایک اسپتال میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ان کی موت سے ایک روز قبل (جمعہ) کو سیرا لیون میں دو ڈاکٹروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی جو ایبولا کا شکار تھے۔ مغربی افریقہ میں 17 ہزار سے زائد افراد ایبولا سے متاثرہ ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق گنی، لائبیریا اور سیرا لیون سے ہیں۔ یہ وائرس نائجیریا بھی پہنچا تھا۔ تاہم اکتوبر میں نائجیریا کو اس وائرس سے پاک قرار دے دیا گیا تھا۔ ابوجہ حکام کا کہنا تھا کہ اس بیماری کو پھیلنے سے روک دیا گیا اور یہ ایک ’شاندار کامیابی‘ ہے۔ مغربی افریقی ملکوں میں پھیلی اس وبا کے نتیجے میں رواں برس مارچ سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 6200 ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ایبولا کا وائرس آٹھ ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بان کی مون بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ایبولا کی وبا تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے عالمی ادارے نے اس بیماری کے انسداد کیلئے اپنے مشن کو مالی تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔