ایبولا ،امریکہ تین ہزار فوجی لائبیریا بھیجے گا

واشنگٹن ، 16ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر براک اوباما مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کی بد ترین وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے منگل کو امدادی اقدمات کا اعلان کریں گے، جن کے تحت 3000 امریکی فوجی بھی وہاں بھیجنا شامل ہے۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ فوجی لائبیریا کے دارالحکومت میں قائم ایک نئے کمانڈ مرکز میں بھیجے جائیں گے جو سامان اور عملے کی نقل و حمل میں مدد کریں گے۔ امریکہ ایبولا وائرس کے علاج کیلئے مراکز قائم کرے گا اور وہاں ہر ہفتہ 500 طبی کارکنوں کو تربیت دی جائے گی۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد ایبولا وائرس کی وبا پر قابو پانا، خطے میں اس کے اقتصادی اور سیاسی اثرات کو کم کرنا اور مغربی افریقہ اور اس سے باہر عالمی ’’صحت کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے‘‘ کی تعمیر کرنا ہے۔ امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) اس بیماری سے بچاؤ کیلئے طبی سامان کی تقسیم کے ساتھ ساتھ لوگوں کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔