ایبولاسے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2500سے تجاوز کر گئیں

واشنگٹن۔ 19ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوامِ متحدہ نے مغربی افریقی ممالک میں ایبولا وائرس کی روک تھام کیلئے خصوصی مشن کے قیام کا اعلان کیا ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 2600 سے زائد ہوگئی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ ایبولا سے مقابلے کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے عالمی ادارے کے خصوصی نمائندے کا تقرر کریں گے۔بان کی مون کے بقول نمائندہ خصوصی ایبولا کے سدِ باب، مریضوں کے علاج، متاثرہ ملکوں کو ضروری امداد کی فراہمی اور مرض کو دیگر ملکوں تک پھیلنے سے روکنے کیلئے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں میں رابطہ کار کے فرائض انجام دیں گے۔ عالمی ادارے کی سلامتی کونسل نے بھی وائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے کو ’’بین الاقوامی امن اور سکیورٹی‘‘ کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ عالمی ادارے صحت کے مطابق ایبولا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2630 ہوگئی ہے۔