نئی دہلی28جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جیٹ ایئر ویز کے ممبئی سے جودھپور جانے والے ایک طیارہ سے آج دوپہر لینڈنگ کے وقت ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ تاہم، عملے کے ارکان سمیت طیارے میں سوار تمام 167 مسافروں کو محفوظ اتار لیا گیا۔ ایئر لائن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پرواز نمبر9ڈبلیو 412ممبئی سے جودھپور آئی تھی۔ جودھپور میں اترتے وقت ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا۔ پائلٹ نے احتیاط برتتے ہوئے فوری لینڈنگ کے بجائے ایک بار پھر ہوا میں چکر لگانے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد ہوائی جہاز کی محفوظ لینڈنگ ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافروں اور عملہ کے ارکان کو سلامتی کے ساتھ اتار کر ٹرمنل بلڈنگ پہنچا دیا گیا ہے اور انجینئرنگ ٹیم طیارے کی جانچ پڑتال کر رہی ہے ۔ سیول ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔ اس طیارہ نے صبح 11.30 بجے ممبئی سے اُڑان بھری تھی۔