پیرس ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پیرس سے نیویارک جانے والے ایئر فرانس کے طیارے کو بم کی دھمکی کے بعد امریکی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے جان ایف کنیڈی ائیر پورٹ پر اتار لیا۔ امریکی ایئرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ کے ترجمان کے مطابق بم کی دھمکی کے بعد پیرس سے آنے والی ایئر فرانس کے طیارے کو2 ایف 15جیٹ طیاروں نے گھیرے میں لے کر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر بحفاظت اتار لیا ہے۔ حکام کے مطابق طیارے میں عملے کے 11ارکان سمیت 176مسافر سوار تھے۔ میری لینڈ پولیس کے مطابق نامعلوم شخص کی جانب سے بم کی دھمکی ٹیلیفون کال کے ذریعے دی گئی تھی۔ حکام کے مطابق بم کی دھمکی کے بعد سعودی ایئر لائن کے طیارے سمیت دواور طیاروں کو بھی تلاشی کے بعد کلیئر قرار دیا گیا۔