کوالالمپور،3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایئر ایشیا جو ملائیشیا کی نجی فضائی کمپنی ہے، اب اس کی سورابایا سے سنگاپور کیلئے تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں ۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کو معلوم ہوا ہے کہ انڈونیشیا سے سنگاپور جاتے ہوئے بحیرۂ جاوا میں گر کر تباہ ہونے والے ایئر ایشیا کے مسافر بردار طیارہ کے پاس حادثے والے دن پرواز کا لائسنس ہی نہیں تھا۔ کیو زیڈ8501 نامی اس ایئربس اے 320 طیارے کو صرف ہفتے کے دیگر چار دنوں میں اس ہوائی راستے پر پرواز کرنے کی اجازت تھی۔ انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے اب سورابایا سے سنگاپور کیلئے ایئر ایشیا کی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ اتوار کو حادثے کا شکار طیارے پر 162 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر کی لاشیں تاحال سمندر میں ہی موجود ہیں۔