ایئرانڈیا کی سورت۔شارجہ راست پرواز کا 16فبروری کو آغاز

نئی دہلی ؍ دبئی ۔ 24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایئرانڈیا ایکسپریس کی جانب سے سورت تا شارجہ راست پرواز کا 16فبروری کوآغاز ہورہا ہے اور یہ پرواز کیرالا میں کنور سے دیگر خلیجی ممالک کیلئے بھی اپنی خدمات انجام دے گی ۔ ایئرانڈیا کی جانب سے مذکورہ راستہ پر جو طیارہ چلایا جائے گا وہ 737-800این جی ایئر کرافٹ ہوگا ، جو کہ شارجہ اور سورت کے درمیان راست پرواز کی خدمات انجام دے گا ۔ مذکورہ طیارہ شارجہ سے شام 7:35 بجے روانہ ہوگا اور سورت پر اس کی رسائی 1:45بجے دوپہر ہوگی ۔ ایئر لائنز کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پرواز پیر اور ہفتہ کو دستیاب رہے گی ۔ علاوہ ازیں طیارہ سورت سے 12:30بجے صبح شارجہ کیلئے روانہ ہوگا اور منزل مقصود پر منگل اور اتوار کو صبح 2:15بجے پہنچے گا ۔ نیز یہ خدمات موسم گرما کے دوران ہر ہفتہ میں مزید بڑھائی جائے گی ۔ سورت تا شارجہ خدمات ایئر انڈیا ایکسپریس کی جانب سے ہندوستان اور خلیجی ممالک کے درمیان ہونے والی 47ویں راست پرواز ہوگی جو کسی دوسرے مقام پر نہیں ٹھہرے گی ۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کی جانب سے موسم گرما میں جو راست پروازوں کی خدمات بڑھائی جائے گی ان میں خلیجی ممالک سے ہندوستان کے اہم شہر کا سفر کیا جائے گا اور یہ 31مارچ 2019ء سے شروع ہوں گے ۔ اس نئی خدمات کے ذریعہ 737-800این جی ایرکرافٹ کی ہفتہ میں 621 ٹرپس کے برعکس 653 چکر ہوں گے ۔ 2019ء کے موسم گرما میں خلیجی ممالک سے کیرالا کیلئے بھی راست پروازوں کی خدمات میں اضافہ کیا جائے گا اور یہ ہر ہفتہ پیر اور جمعہ کو دستیاب رہیں گے جس میں کنور تا ابوظہبی کیلئے پانچ پروازیں جب کہ کنور تا مسقط کیلئے بھی ہفتہ میں تین پروازیں دستیاب رہیں گی ۔