اہم ترین شخصیات کی سیکوریٹی کیلئے این ایس جی کے خصوصی اقدامات

نئی دہلی۔/18فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل سیکوریٹی گارڈ ( این ایس جی) ملک کی انتہائی اہم ترین شخصیات کی سیکوریٹی کو مزید بہتر بنانے کے طور پر ہر وی آئی پیز کے ساتھ ایک پورٹیبل بم کی شناخت کرنے والے آلات رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔ ملک کی ممتاز شخصیتوں کی حفاظت پر مامور این ایس جی نے فیصلہ کیا ہے کہ این ایس جی کمانڈرس کو مزید بہتر بناتے ہوئے وی وی آئی پیز کے ہر سفر کے دوران این ایس جی کمانڈرس کے ساتھ ساتھ ہمیشہ بم کی شناخت کرنے والے پورٹیبل آلات رکھے جائیں گے۔ واضح رہے کہ این ایس جی کمانڈوز کی جانب سے یہ فیصلہ گذشتہ سال مختلف مقامات پر پیش آئے کم شدت کے بم دھماکے واقعات کے بعد کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ سال پٹنہ میں نریندر مودی کی جانب سے منعقدہ ریالی میں اس طرح کے دھماکے پیش آئے تھے۔حالانکہ نریندر مودی کو زیڈ پلس درجہ کی سیکوریٹی حاصل ہے جس میں این ایس جی کے 30بلیک کیاٹ کمانڈوز ساتھ رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ آنے والے عام انتخابات کے دوران بھی مختلف سیاسی شخصیات بشمول وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم ترین شخصیات ملک بھر میں ادھر سے ادھر سیاسی مہم پر مصروف ہوں گے۔ اس تناظر میں این ایس جی نے اس نئے پروٹوکول پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ضابطہ عمل کے مطابق این ایس جی اب اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر بڑے عوامی اجتماعات کے مقامات پر جہاں ملک کی اہم ترین شخصیات کی شرکت متوقع ہوگی وہاں پر مقامی پولیس انتظامیہ کی جانب سے بھی بہتر سے بہتر سیکوریٹی اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔این ایس جی صرف ان ہی حالات میں اپنے ساتھ انسداد بم اسکواڈ اور آلات رکھتی تھی جب انہیںکسی امکانی دھماکے کی اطلاع ہوتی۔