پٹنہ ۔ 3 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں بی جے پی کی نمائندگی کرنے والے فلمی اداکار شتروگھن سنہا اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج ان قیاس آرائیوں کی تردیدکی کہ حالیہ ان دونوں کی ملاقات اول الذکر (شترو) کی اہلیہ کو اسمبلی انتخابات میں جنتا دل متحدہ کے ٹکٹ پر مقابلہ میں اتارنے کے پس منظر میں کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے کہا کہ شتروگھن سنہا فخر بہار میں اور ایک اعلیٰ درجہ کے اداکار ہیں اور ہم دونوں نے شخصی تعلقات کی بناء پر ملاقات کی اور سیاست پر کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔ بعض اخبارات میں یہ خبریں شائع ہوئی ہے کہ بہاری بابو نے اپنی اہلیہ پونم سنگھ کو اسمبلی انتخابات میں جنتا دل متحدہ کا ٹکٹ دلوانے کیلئے مسٹر جے ڈی یو لیڈر سے ملاقات کی ہے ۔ تاہم نتیش کمار نے بتایا کہ بہاری بابو سے مشہور شتروگھن سنہا نے بہار کی ترقی کیلئے دو ٹوک انداز میں اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے ۔