اگلے اقدام کیلئے اپوزیشن انتخابی نتائج کا بے چینی سے منتظر

نئی دہلی ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن کے سرکردہ قائدین این ڈی اے کو اکثریت میں کمی کی صورت میں ایک دوسرے کے ساتھ ربط میں رہیں گے اور تشکیل حکومت کیلئے اپنی دعویداری پیش کرنے میں تساہل سے کام نہیں لیں گے، ذرائع نے آج یہ بات کہی جبکہ کل جمعرات کو لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر این ڈی اے پارٹیاں فی الحال انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ان کے اعلیٰ قائدین بے چینی سے منتظر ہیں کہ انتخابی نتائج کا اعلان ہوجائے اور وہ اپوزیشن کو یکجا کرتے ہوئے اقتدار تک پہنچانے میں کامیاب ہوں جس کیلئے تمام قائدین کا ایک دوسرے کے ساتھ مستقل ربط میں رہنا ضروری ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اگر این ڈی اے کو اکثریت حاصل نہیں ہوتی ہے تو اپوزیشن پارٹیاں صدرجمہوریہ سے تحریری طور پر رجوع ہوں گی اور خود کو ایک بلاک (گروپ) کے طور پر پیش کرتے ہوئے ادعا کریں گی کہ انہیں واحد بڑی پارٹی کے مقابل ترجیح دی جائے ۔ اپوزیشن قائدین پہلے ہی میٹنگس منعقد کرچکے ہیں اور اعلیٰ کانگریس قائدین بھی رائے شماری سے قبل آپس میں صلح مشورہ کرلیا ہے۔ انہیں لگتا ہیکہ اگر این ڈی اے 543 رکنی لوک سبھا میں 272 کے اکثریتی نشان سے پیچھے رہ جاتا ہے تو انہیں تشکیل حکومت کا موقع ہے۔ ویسے تقریباً تمام ایگزٹ پولس میں بی جے پی زیرقیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے لیکن اس سے اپوزیشن پارٹیوں کا حوصلہ پست نہیں ہوا ہے کیونکہ انہیں ہنوز بہتر نتیجہ کی امید ہے۔ ایک اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم مستقل طور پر ایک دوسرے کے ساتھ ربط میں ہے اور مناسب فیصلہ کریں گے۔