اگست 2018 تک 80 ذخائر آب کا کام مکمل ہوگا

سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 75 کروڑ کی اجرائی ، وزیر بلدی نظم و نسق کا بیان
حیدرآباد ۔ 6۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ شہر میں حالیہ بارش سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 75 کروڑ روپئے ہنگامی طور پر جاری کئے گئے ۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 120 کروڑ روپئے سے سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ کے ٹی آر نے عنبر پیٹ اور بالا نگر علاقوں میں فلائی اوورس کی تعمیر کے منصوبہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں ادا کی جانے والی رقم فلائی اوور کے تخمینہ سے کہیں زیادہ ہے جس کے باعث حکومت کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران ایم ایس پربھاکر راؤ کے سوال پر کے ٹی آر نے عنبر پیٹ اور بالا نگر میں مجوزہ فلائی اوورس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پراجکٹ کیلئے اراضی کا حصول حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں کیونکہ پراجکٹ کی مالیت سے زیادہ رقم اراضی کے حصول پر خرچ ہورہی ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کیلئے 1000 کروڑ روپئے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت 500 کروڑ روپئے روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور 500 کروڑ موسیٰ ندی کارپوریشن کو الاٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے جنکشنوں کو عصری بنایا جارہا ہے ۔ جنکشن امپرومنٹ پر 4000 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ حالیہ بارش سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور یہ جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ اصل سوال کے جواب میں وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور آر اینڈ بی نے عنبر پیٹ میں فلائی اوور کی تعمیر کا کام اپنے ذمہ لیا ہے ۔ 1.60 کیلو میٹر طویل اس فلائی اوور کی تعمیر سے 281 جائیدادیں متاثر ہوں گی۔ اراضی کے حصول اور فلائی اوور کی تعمیر پر 436 کروڑ 71 لاکھ کے مصارف ہوں گے ۔ بالا نگر میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ایچ ایم ڈی اے مشترکہ طور پر 2.20 کیلو میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کریں گے۔ اس فلائی اوور سے 365 جائیدادیں متاثر ہوں گی۔ اراضی کے حصول اور پراجکٹ کی مالیت پر جملہ 387 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عنبر پیٹ فلائی اوور کیلئے 22411 مربع گز اراضی کا حصول ناگزیر ہے جبکہ بالا نگر فلائی اوور کیلئے 66936 مربع گز زمین کو حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنبر پیٹ فلائی اوور میں اراضی کے حصول پر 317 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے 67 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں جبکہ مابقی رقم 250 کروڑ ریاستی حکومت ادا کرے گی۔ بالا نگر فلائی اوور کی اراضی کے حصول پر 265 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے اور یہ اخراجات ایچ ایم ڈی اے برداشت کرے گا۔ ایم ایس پربھاکر نے پراجکٹ کی مالیت سے زیادہ خرچ اراضی کے حصول پر ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سے پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے کہا کہ کسی بھی پراجکٹ کیلئے اراضی کا حصول ایک اہم مرحلہ ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور ایچ ایم ڈی اے کے پاس فنڈس نہیں ہے ، لہذا 10 سال میں بھی فلائی اوورس کی تعمیر ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ کارپوریشن کو فنڈس فراہم کرے۔ انہوں نے شہر میں سڑکوں کی ابتر صورتحال اور کے ٹی آر کی جانب سے اعلان کردہ 100 دن کے ایکشن پلان پر عمل آوری کی تفصیلات طلب کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت نے جاریہ سال بجٹ میں بلدیہ کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے لیکن یہ رقم ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔ ٹی آر ایس ارکان بھانو پرساد ، کرنم پربھاکر اور بی جے پی کے رکن رام چندر راؤ نے ضمنی سوالات کئے۔