اگست کی تنخواہ میں پے کمیشن کے بقایاجات کی یکمشت ادائیگی

نئی دہلی ، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے اپنے ملازمین کو 7 ویں پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کے نتیجے میں بقایاجات کی ادائیگی ماہ اگست کی تنخواہ کے ساتھ یکمشت کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پہلے ہی 7 ویں پے کمیشن سفارشات کے مطابق ایک کروڑ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی بنیادی یافت میں 2.57 گنا اضافے کا اعلامیہ جاری کرچکی ہے۔ تنخواہ میں اضافہ یکم جنوری 2016ء سے قابل عمل کیا گیا ہے۔ وزارت فینانس نے اپنی ہدایت میں یہ بھی کہا کہ یکم جنوری 2016ء سے لاگو نظرثانی شدہ پے اسکیل میں نظرثانی سے قبل والا 125 فیصد گرانی الاؤنس شامل رہے گا۔ نظرثانی شدہ تنخواہ کے تحت ڈی اے کی پہلی قسط کی شرح کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ یکم جنوری 16ء سے شمار کریں تو مرکزی حکومت میں اقل ترین تنخواہ 18,000 روپئے ماہانہ ہوجائے گی۔