میڈیا گھرانے بی جے پی سے خوفزدہ ، سیاسی اغراض کیلئے کیدار ناتھ مندر کا استعمال
حیدرآباد ۔ 22۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے لوک سبھا انتخابات کے اگزٹ پول کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میڈیا گھرانے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے خوف زدہ ہیں یا پھر انہیں خوش کرنا چاہتے ہیں۔ لہذا اگزٹ پول میں بی جے پی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگزٹ پول کے موقع پر نیوز چیانلس وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جارہے تھے ۔ کسی بھی چیانل نے 2014 ء انتخابات کا تقابل کرتے ہوئے ریاستوں کے نتائج پیش قیاسی نہیں کی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 2014 ء کے مقابلہ کانگریس کے مظاہرہ میں شاندار بہتری کیلئے کسی بھی چیانل نے راہول گاندھی کی ستائش نہیں کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نیوز چیانلس بی جے پی کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگزٹ پول کو نریندر مودی کے قریبی افراد نے الٹ پھیر کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ملک میں اگزٹ پول نتائج بہت کم درست ثابت ہوئے۔ مودی نے پانچ برسوں کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل میں ناکامی کے سبب عوام نے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا جس کا اظہار کل نتائج کے موقع پر ہوگا ۔ علاقائی جماعتوں کو کانگریس زیر قیادت یو پی اے میں شمولیت یا اس کی تائید سے روکنے کیلئے اگزٹ پول نتائج یکطرفہ جاری کئے جائیں۔ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مودی ابھی بھی طاقتور ہیں اور وہ معلق پارلیمنٹ کی صورت میں درکار اکثریت حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں پر سے عوام کا اعتبار ختم ہوچکا ہے۔ مختلف ریاستوں میں ای وی ایم مشینوں کی منتقلی کے موقع پر دھاندلیوں کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ۔ اپوزیشن جماعتوں میں بہار اور دیگر علاقوں میں خانگی افراد کے قبضہ سے ای وی ایم مشینوں کو ضبط کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو رائے شماری کے موقع پر سخت چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ نارائن ریڈی نے وزیراعظم پر تنقید کی کہ انہوں نے کیدارناتھ مندر کو سیاسی اغراض کے لئے استعمال کرتے ہوئے ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔ نریندر مودی وہاں پوجا یا گیان دھیان کیلئے نہیں بلکہ فوٹو سیشن کیلئے گئے تھے۔ وہ رامائن اور مہا بھارت کے کسی کردار کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔ نارائن ریڈی نے پیش قیاسی کی کہ کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور راہول گاندھی وزیراعظم ہوں گے۔