حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کے سی آر کی جانب سے راہول گاندھی کو مسخرہ قرار دینے پر نگران چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ کیا مودی ان کے لیے ہیرو ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے راہول گاندھی کو مسخرہ قرار دینے والے کے سی آر کو ’ دماغی بیمار ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے ۔ اس طرح تلنگانہ عوام کی توہین کرتے ہوئے میعاد ختم ہونے سے 9 ماہ قبل اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے کے سی آر نے سیاسی خود کشی کی ہے ۔ پاسپورٹ بروکر سے وزیراعلیٰ کے عہدے تک پہونچنے والے کے سی آر ملک کے عظیم گاندھی خاندان کے بارے میں بات کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں رکھتے ۔ جس نے ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کیا ۔ جیل گئے ملک کی سلامتی کے لیے اس خاندان کے دو ارکان نے اپنی زندگیاں قربان کی ہے ۔ رات دن نشے میں دھت رہنے والے کے سی آر کی ساری زندگی دھوکہ اور جھوٹ پر مبنی رہی ہے ۔ کے سی آر کے دور حکومت میں ہی آلیر انکاؤنٹر ہوا جس میں 5 مسلم زیر دریافت قیدیوں کا بے رحمانہ قتل کردیا گیا ۔ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد ٹی آر ایس ہیڈ کوارٹر پر کی گئی پریس کانفرنس میں کے سی آر نے کوئی بات سچ نہیں کی ہے ۔ کانگریس کے کارناموں کو کے سی آر اپنے کارنامے قرار دیتے ہوئے ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کانگریس نے وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے ۔ جب کہ ٹی آر ایس نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو پورا نہیں کیا ۔ زرعی شعبہ کو مفت برقی ، کسانوں کے یکمشت قرض کی معافی ، 2 لاکھ روپئے تک مفت ہیلت اسکیم کی فراہمی وغیرہ کانگریس کی دین ہے جس کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کے سی آر نے ڈبل بیڈ روم مکانات ، دلتوں کو تین ایکڑ اراضی کی فراہمی کے علاوہ دوسرے اہم وعدوں کو فراموش کردیا ۔ راہول گاندھی ایک سیکولر پارٹی کے قائد ہے ۔ اس لیے کے سی آر انہیں ملک کا سب سے بڑا مسخرہ قرار دے رہے ہیں جب کہ نریندر مودی ایک فرقہ پرست جماعت کے وزیراعظم ہیں ۔ شاید اس لیے کے سی آر کو وہ ہیرو نظر آرہے ہیں ۔ راہول گاندھی سماجی انصاف کا نعرہ لگاتے ہیں جب کہ مودی ہندو راشٹر کا نعرہ لگاتے ہیں ۔ راہول سماج کو جورتے ہیں جب کہ مودی سماج کو توڑتے ہیں ۔ راہول گاندھی سیکولرازم کا نعرہ دیتے ہیں جب کہ مودی فرقہ پرستی کی بات کرتے ہیں اس ٹی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو راہول گاندھی مسخرہ اور مودی ہیرو نظر آرہے ہیں ۔۔