حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) تلگو فلموں کی افسانوی شخصیت شری اے ناگیشور راؤ کا آج صبح حالت نیند میں بعمر 91سال انتقال ہوگیا۔ وہ کینسر کے مرض سے متاثر تھے۔ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ ناگیشور راؤ نے سدا بہار فلموں ’ تینالی رام کرشنا‘ دیوداس، مایا بازار اور مسماں‘ میں اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ۔ انہوں نے تقریباً 70سالہ کیریئر میں تقریباً 250فلموں میں اداکاری کی تھی۔ پسماندگان میں 3دختران اور 2فرزند بشمول فلمی اداکار اے ناگرجنا ہیں۔ناگیشور راؤ نے اسوقت اسٹیج پر خواتین کا رول ادا کیا تھا
جب ڈراموں میں کام کرنا خواتین کیلئے منع تھا۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی، صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو، صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی اور فلمی شخصیتوں نے ناگیشور راؤ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ ایوان اسمبلی میں اسپیکر مسٹر این منوہر نے ایک تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء مووی آرٹسٹس اسوسی ایشن نے ڈاکٹر ناگیشور راؤ کے سوگ میں جمعرات کو فلمی صنعت میں بند منانے کا اعلان کیا۔ اسوسی ایشن کے صدر مرلی موہن نے تھیٹروں کے انتظامیہ سے بھی گذارش کی ہے کہ جمعرات کے دن فلموں کی نمائش روک دیں۔
صدر جمہوریہ کا اظہار تعزیت
نئی دہلی۔/22جنوری، ( پی ٹی آئی) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے تلگو کے افسانوی اداکار اکینینی ناگیشور راؤ کے انتقال پر آج تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ فلمی صنعت ایک بے مثال اختراعی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ صدر پرنب مکرجی نے ناگیشور راؤ کے فرزند ناگرجنا کے نام اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ ایک نامور تلگو فلمی اداکار اور فلمساز اپنی فلموں کے سبب ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ہندوستانی سینما میں ان کی گرانقدر خدمات کا اندازہ انہیں حاصل ہونے والے بے شمار باوقار ایوارڈز سے ہوتا ہے۔ ناگیشور راؤ کی موت سے فلمی صنعت ایک اختراعی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے تلگو سینما کیلئے فقیدالمثال کارنامے انجام دیئے ہیں۔
مزید تحقیقات جاری ہیں۔