کے سی آر کو سبکی۔ کانگریس کے خلاف کوئی ریمارک نہ کرنے پر اظہار حیرت
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) سربراہ سماج وادی پارٹی و سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو سے راہول گاندھی کے ساتھ دوستی کے بارے میں استفسار کرنے پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر ناراض ہوگئے۔ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں رضامندی کا اظہار کیا مگر کانگریس کے خلاف کوئی ریمارکس نہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین کو حیرت زدہ کردیا۔ تھرڈ فرنٹ یا فیڈرل فرنٹ کیلئے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سرگرم رول ادا کررہے ہیں وہ اس سلسلہ میں کولکتہ، بنگلور اور چینائی کا بھی دورہ کرچکے ہیں۔ صدر سماج وادی پارٹی و سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو اس سلسلہ کو آگے بڑھانے کیلئے آج خصوصی طیارہ سے حیدرآباد پہنچے۔ بیگم پیٹ پر ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ٹی آر ایس کے کارکن ہاتھوں میں بیانر تھامے کے سی آر ۔ اکھلیش یادو زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ اکھلیش یادو نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر تلنگانہ اور ٹی آرایس کے دوسرے قائدین کے ساتھ طویل بات چیت کی جس میں قومی سیاسی صورتحال اور کانگریس و بی جے پی کا متبادل تیار کرنے پر کافی غور و خوض کیا گیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں اکھلیش یادو نے بی جے پی کو مرکز میں اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کمربستہ ہونے کا اعلان کیا۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب ان سے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی دوستی اور دو نوجوانوں کی جوڑی کے بارے میں سوال کیا تو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے مائیک اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے جواب دیا کہ صحافیوں کو بہت جلدی ہے اور وہ عجلت کا مظاہرہ کررہے ہیں، ہماری کوششوں کو نہ جانے کیا نام دیئے جارہے ہیں اور ایک دوسرے سے تعلقات پر میڈیا غیر ضروری اپنے تاثرات پیش کررہا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ابھی شروعات ہے آگے بہت کچھ ہونا باقی ہے۔ بی جے پی کو صرف علاقائی جماعتیں ہی شکست دے سکتی ہیں۔ اکھلیش یادو سے جب کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کرناٹک جانے کے بارے میں سال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے کرناٹک دور نہیں ہے مگر وہ لکھنؤ کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ اکھلیش یادو کی باتوں سے ایسا لگا کہ وہ بی جے پی کے خلاف ہیں مگر کانگریس کے خلاف نہیں ہیں۔