والد ملائم سنگھ یادو کو کنارہ کش کرنے کے بعد پارٹی پر گرفت مضبوط
آگرہ ۔ /5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اکھلیش یادو کو آج سماج وادی پارٹی کا پانچ سال کی میعاد کے لئے دوبارہ قومی صدر منتخب کیا گیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے والد ملائم سنگھ یادو اور چچا شیوپال یادو کو حاشیہ پر لانے کے بعد پارٹی پر اپنی گرفت کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔ ان کے دوبارہ انتخاب کا اعلان پارٹی کے سینئر لیڈر رام گوپال یادو نے یہاں سماج وادی قومی کنونشن میں کیا ۔ پارٹی کے دستور میں ترمیم کی گئی تاکہ پارٹی کے سربراہ کو موجودہ 3 سال کی میعاد سے بڑھاکر پانچ سال کی میعاد کی توسیع دی گئی ۔ اب 44 سالہ اکھلیش یادو آئندہ پانچ سال کے لئے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ہوں گے ۔ 2019 ء کے لوک سبھا اور 2022 ء کے یو پی اسمبلی انتخابات میں ان کی قیادت میں منعقد ہوں گے ۔ ملائم سنگھ یادو اور شیوپال دونوں نے سماج وادی پارٹی کے اس کنونشن میں شرکت نہیں کی ۔ اکھلیش نے دونوں کو قومی کنونشن کے لئے شخصی طور پر مدعو کیا تھا ۔ اپنے خطاب میں اترپردیش کے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے نیتاجی (ملائم سنگھ) سے درخواست کی تھی کہ وہ کنونشن میں شرکت کریں ۔ ہر کوئی چاہتا تھا کہ نیتاجی ہمارے درمیان رہیں ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور اکھلیش کے چچا شیوپال یادو نے اپنے ٹوئیٹر پر اکھلیش کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات بھی کیں ۔ شیوپال یادو نے بھتیجے کو آشیرواد دیا ۔