اکٹوبر میں یہ سردی! تو ڈسمبر میں کیا ہوگا ؟، حیدرآباد کے درجہ حرارت میں کمی

حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بحر عرب میں طوفان نیلوفر اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے علاوہ شمال سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے اثر سے آندھراپردیش اور تلنگانہ کا موسم تیزی سے سرد ہو رہا ہے ۔ ضلع عادل آباد تلنگانہ کا سرد ترین مقام رہا جہاں آج کا درجہ حرارت 13.7 ریکارڈ کیا گیا ۔ شہر حیدرآباد میں بھی بالخصوص شام سے رات کے پچھلے پہر تک ہواؤں کے ساتھ شدید سردی محسوس کی جارہی ہے اور شہر کا درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے اوسطا دو ڈگری کم ہے ۔ آندھراپردیش میں ضلع وشاکھاپٹنم کے ریجنسی علاقہ میں زبردست سردی کی لہر جاری ہے ۔ ایجنسی کے چنتہ پلی علاقہ تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں ہی ریاستوں کا سرد ترین مقام رہا ۔ جہاں کا درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس رہا ۔ دونوں ریاستوں میں ایسا سرد موسم بالعموم ڈسمبر میں رہتا ہے لیکن اس مرتبہ شمال مشرقی مانسون کے ذریعہ موسم سرما کی پیشقدمی اور دیگر ماحولیاتی حالات اس سردی کے اہم اسباب ہیں ۔ ساحلی آندھراپردیش میں طوفان ہد ہد کے بعد موسم اچانک سرد ہوگیا ہے جبکہ تلنگانہ میں شمال مشرقی مانسون کے اثر سے یہ سردی پیدا ہوئی ہے ۔ حالانکہ ایسی سردی بالعموم ماہ ڈسمبر میں ریکارڈ کی جاتی ہے لیکن اواخر ڈسمبر میں سردی کی یہ لہر دیکھتے ہوئے ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سائنسداں کے سیتارام نے اس قیاس کا اظہار کہا کہ ڈسمبر کے دوران حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس تک گھٹ سکتی ہے ۔ ڈسمبر 1996 کے دوران حیدرآباد میں 7.1 اقل ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا جو درج شدہ موسمیاتی تاریخ میں اب تک کا سرد ترین دن تھا ۔ شہر کے درجہ حرارت میں اچانک زبردست کمی کے سبب بے گھر مرد و خواتین جو سڑکوں کے کنارے زندگی بسر کرتے ہیں ، رات کے وقت سرد لہر کو برداشت نہ کرتے ہوئے آگ جلاکر گرمی حاصل کرتے دیکھے گئے۔