اکٹوبر میں مزید 3 مرتبہ خطرناک بارش کا امکان

حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ماہ کے دوران ریاست آندھرا پردیش کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں مزید 3مرتبہ ایسی ہی یا اس سے بھی زیادہ تیز بارش کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں ہونے والی اس موسلا دھار بارش کے سلسلہ میں پہلے ہی متنبہ کیا تھا اور کہا گیا ہے کہ ماہ اکٹوبر کے دوران اسی طرح کی صورتحال پیدا ہوگی۔ دونوں ریاستوں میں کی گئی بارش کی پیش قیاسی کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران یہ صورتحال کا سلسلہ جاری رہے گا۔شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں ہونے والی بارش کے سلسلہ پر ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر و اطراف کے علاقوں میں مسلسل بارش اور بادلوں کے سبب گھن گرج اور چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے راڈر سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے کئی نشیبی علاقوں سے عوام کے تخلیہ کے متعلق منصوبہ بندی کرنی شروع کردی ہے اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔