اکٹوبر سے سیاست میں سرگرم ہونگے پون کلیان

حیدرآباد 31 جولائی ( پی ٹی آئی) تلگو فلم اسٹار و جنا سینا پارٹی کے بانی پون کلیان نے آج اعلان کیا کہ وہ ماہ اکٹوبر سے سیاست میں پوری طرح سرگرم ہوجائیں گے جب ان کی فلمی مصروفیات ختم ہوجائیں گی ۔ پون کلیان نے آج شام وجئے واڑہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ اکٹوبر تک ان کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہوجائے گی اور اس وقت تک آندھرا پردیش کے تمام اضلاع میں جنا سینا کی ضلع یونٹیں بھی قائم ہوجائیں گی ۔ اس وقت سے وہ اپنا زیادہ تر وقت سیاست میں صرف کرینگے ۔ فلموں میں کام اسی وقت کرینگے جب انہیں وقت ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کرینگے اور عوام کے کاز کو اٹھائیں گے ۔ ہر ضلع میں ایک بڑا مسئلہ ہے اور وہ ان مسائل سے واقفیت حاصل کرکے ان کی یکسوئی کیلئے کوشش کرینگے ۔ پون کلیان نے مارچ 2014 میں جنا سینا پارٹی قائم کی تھی اور تلگودیشم ۔ بی جے پی کی تائید کی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے فلموں میں مصروفیت اختیار کرلی اور کبھی کبھار ہی سیاسی سرگرمیوں میں شامل رہے ہیں۔ گذشتہ سال انہوں نے آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کے موقف کا مسئلہ اٹھایا تھا اور دو ایک اجلاس منعقد کرنے کے بعد خاموشی اختیار کرلی تھی ۔ انہوں نے سریکا کلم ضلع میں اڈانم کے مقام پر گردے کے امراض کے مریضوں کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مغربی گوداوری ضلع میں ایک بڑا ایکوا فوڈ پارک قائم کیا جانا چاہئے ۔