ممبئی۔4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر قائد یشونت سنہا کو آج مہاراشٹرا کے شہر اکولہ میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اُن کی گرفتاری آج شام عمل میں آئی جب کہ وہ ودربھا کے علاقہ میں کاشتکاروں سے حکومت کی بے حسی کے خلاف بطور احتجاج ایک جلوس کی قیادت کررہے تھے ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس اکولہ راکیش کلاساگر نے کہا کہ ہم نے سنہا اور تقریباً 250 کاشتکاروں کو ضلع کلکٹریٹ کے روبرو بمبئی پولیس ایکٹ کی دفعہ 68 کی دفعات کے تحت حراست میں لیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد کو ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈکوارٹر گراؤنڈ اکولہ منتقل کیا گیا۔ سنہا سینکڑوں کاشتکاروں کے ساتھ حکومت کی بے حسی کے خلاف احتجاج کی قیادت کررہے تھے جو کپاس اور سویابین کاشتکاروں کے ساتھ برتی جارہی تھی ۔