احمدآباد۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گاندھی نگر کی اکشردھام مندر پر 2002ء میں پیش آئے دہشت گرد حملے کا مبینہ کلیدی سازشی عبدالرشید اجمیری ریاض (سعودی عرب) سے یہاں پہونچنے کے بعد سٹی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ گرفتاری کل رات دیر گئے عمل میں آئی۔ ڈی سی پی احمدآباد کرائم برانچ دیپن بھدرن نے کہا کہ اجمیری اکشردھام مندر حملہ کے پس پردہ بڑے سازشیوں میں سے ہے، اسے کل رات یہاں پہونچنے پر ایرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ وہ ریاض سے احمدآباد کے لئے سفر کررہا ہے تاکہ اپنے بھائی سے ملاقات کرسکے۔ یہ الزام ہے کہ اس نے اکشردھام کا حملہ انجام دینے میں لشکر طیبہ کی مدد کی تھی۔ احمدآباد کا متوطن اجمیری اس دہشت گردانہ کارروائی کے بعد ریاض کو فرار ہوگیا تھا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس سے تفتیش کے دوران مزید ناموں کا انکشاف ہوسکتا ہے۔ 24 ستمبر 2002ء کو دو عسکریت پسندوں جن کے مبینہ طور پر پاکستان نشین لشکر طیبہ سے روابط بتائے گئے، انہوں نے گاندھی نگر میں واقع مندر پر حملہ کرتے ہوئے 32 افراد کو ہلاک اور زائد از 80 دیگر کو زخمی کردیا تھا۔ حملہ آوروں کو نیشنل سکیورٹی گارڈ کمانڈوز نے ہلاک کیا تھا۔