نئی دہلی۔/21نومبر، ( فیکس ) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفکر ملت مولاناڈاکٹر مفتی محمد مکرم محمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مذہب اسلام کی حقانیت کا تفصیل کے ساتھ بیان کیا اور کہا کہ مذہب اسلام میں سب کے حقوق کی حفاظت ہے، یہ سب کا مذہب ہے اور سب کے لئے ہے۔ یہ امن و سلامتی اور آشتی کا مذہب ہے جس نے ان تعلیمات کو کھلے دل سے پڑھا یا سنا ہے اس نے ان کی سچائی کا اعتراف کیا ہے۔ شاہی امام نے سعودی حکومت سے پرزور اپیل کی کہ مسجد نبویؐ کی توسیع کے دوران مقامات مقدسہ ، مسجدسجدہ وغیرہ کو محفوظ رکھا جائے ورنہ ان کے انہدام سے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوں گے۔ سعودی حکومت کو اسلامی تاریخی ورثہ کو بے نشان کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ شاہی امام نے سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ کے پردہ مخالف بیان پر شدید تنقید کی اور اسے فرقہ پرستوں کو خوش کرنے والا بیان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چودہ سو برس کی تاریخ میں لاکھوں کروڑوں مثالیں ہیں کہ مسلم خواتین نے ہر میدان میں خوب ترقی کی ہے اور حجاب ان کے راستہ میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنا، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیئے۔
شاہی امام نے 19نومبر کو گجرات کے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس میں انہوںنے اے ٹی ایس کو پھٹکار لگاتے ہوئے تین مسلم نوجوانوں کو بری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایس فیروز پٹھان، بلال احمد اور مصطفی سید کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔اکشرا دھام مندر پر حملہ کے ملزمین کو بھی بری کردیا گیا اس سے معلوم ہوتا ہے کہ فرضی مقدمات میں مسلم نوجوانوں کو پھنسایا جارہا ہے ۔ ایسے نافرض شناس افسران پر مقدمہ چلانا چاہیئے۔ کہل ہی ممبئی کی کرلا کورٹ نے 9مسلم نوجوانوں کو سیمی سے تعلق رکھنے کے الزام سے بری کردیا۔ ہمیں ان سب فیصلوں پر خوشی ہے۔ شاہی امام نے وزیر اعظم اور مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ جیلوں میں بند مسلم نوجونوں کے مقدمات فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ حل کرائے جائیں
تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔ شاہی امام نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ نانا وتی کمیشن کی رپورٹ میں بھی سچائی سامنے آئے گی۔شاہی امام نے مسلم ممالک کے سربراہان سے پرزور اپیل کی کہ اسرائیل کی صیہونی جارحیت اور خوفناک حملوں کے خلاف متحد ہوکر مسجد اقصیٰ اور نہتے فلسطینیوں کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے وزارت داخلہ نے خفیہ ایجنسیوں سے مدارس کا سروے کرایا ہے تو اسے چاہیئے کہ اسی طرح حکومت کی مشنری کے ذریعہ ہر مذہب کے اداروں کی خفیہ رپورٹ حاصل کی جائے تاکہ سچائی سامنے آئے۔انہوں نے یو این او سے بھی اسرائیل کے خلاف فوری کارروائی کی اپیل کی اور فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔