مہا پنچایت کا راجستھان حکومت سے مطالبہ
گرگاؤں 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اکبر انصاف کمیٹی نے اتوار کی صبح کو مہا پنچایت کا انعقاد کیا۔ یہ مہا پنچایت ’نوج‘ کے کلگاؤں میں ہوئی۔ اس مہا پنچایت میں ہریانہ، راجستھان اور دہلی سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انڈین ایکسپریس میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق رمضان چودھری صدر کل ہند میواتی سماج نے کہاکہ ان کے مطالبہ میں ایس سی کے زیرانتظام تحقیقات، 50 لاکھ روپئے حکومت راجستھان سے اور اکبر کی مظلوم بیوہ کو سرکاری ملازمت کی فراہمی شامل ہے۔ مزید یہ کہ رکبر کے سات بچوں کو تعلیم کی فراہمی کی ذمہ داری حکومت اُٹھائے۔ کمیٹی نے یہ مطالبہ بھی کیاکہ مقامی ایم ایل اے گیان دیو اہوجا اور عینی شاہد نوال کشور شرما، وی ایچ پی کا مقامی چیف گئو رکھشا سل کو فوری گرفتار کرے۔ پنچایت نے ان تمام مطالبات کی یکسوئی کے لئے حکومت کو 6 اگست تک کی قطعی تاریخ مقرر کی ہے۔ قائد سواراج انڈیا یوگیندر یادو نے کہاکہ یہ واقعہ ہم سب کے لئے باعث شرم و اندوہناک ہے۔ یادو نے ہجومی تشدد کے مختلف واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے اظہار تاسف کرتے ہوئے سوال کیاکہ ملک کس رُخ پر جارہا ہے اور کس رُخ پر لے جایا جارہا ہے۔