الور 23 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) جے پی کے رکن اسمبلی الور گیان دیو اہوجہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے اکبر خان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا ہے اور ہندو کارکنوں کو غلط ماخوذ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اکبر خان کو تین گھنٹوں تک تحویل میں زد و کوب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رات ایک بجے سے صبح چار بجے تک پولیس اسٹیشن میں اکبر خان کو پیٹا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کی موت ہوئی ہے ۔ اب پولیس اپنی کارستانی چھپانے ہندو کارکنوں کو مورد الزام ٹہرا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے رات ایک بجے اکبر کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور چار بجے تک اسے زد و کوب کیا تھا ۔ جس وقت اکبر کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اگر اس وقت وہ شدید زخمی ہوتے تو انہیں دواخانہ منتقل کیا جاتا لیکن ایسا نہیں تھا ۔