حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) اکبر الدین اویسی حملہ کیس کی سماعت کا یومیہ اساس پر 10فبروری سے آغاز ہوگا۔ اس کیس میں ماخوذ محمد بن عمر یافعی المعروف محمد پہلوان اور دیگر ملزمین کو آج سخت سیکورٹی کے درمیان نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے حملہ کیس کی سماعت آئندہ ماہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک ہی دن دو عینی گواہوں سے بیانات لئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال ڈسمبر میں اپنے احکام میں یہ واضح طور پر بتایا کہ حملہ کیس کی سماعت اندرون چھ ماہ مکمل کی جائے۔ جس پر فاضل جج نے آئندہ ماہ کی 10تاریخ کو اس کیس کی سماعت کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 30اپریل سال 2011 میں چندرائن گٹہ علاقہ میں پیش آئے رکن اسمبلی پر حملہ کیس میں پولیس نے یونس بن عمر یافعی، حسن بن عمر یافعی، محمد بن صالح واہلان، عیسیٰ بن یونس یافعی، یحییٰ بن یونس یافعی، عبداللہ بن یونس یافعی، عود بن یونس یافعی، عفیف یافعی، سیف، فیصل بن احمد، فضل بن احمد، بہادر علی خان المعروف منور اقبال کو ماخوذ کیا تھا اور ان کے خلاف سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس کیس میں استغاثہ کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسکیوٹر کا تقرر بھی کیا گیا ہے۔