حاملہ نرس کو طمانچہ رسید کرنے کا الزام
موگا 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب پولیس نے ایک اکالی دل کی سرپنچ کے شوہر اور فرزند کو یہاں ایک خانگی ہاسپٹل میں حاملہ نرس پر حملہ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ اس نرس نے انھیں ترجیحی بنیاد پر علاج کرنے سے انکار اور ہاسپٹل میں شریک کرنے کے لئے قطار میں ٹھہرنے کے لئے کہا تھا۔ ڈی ایس پی جسیل سنگھ نے بتایا کہ ملزمین پرمجیت سنگھ اور ان کے فرزند گروجیت سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ واقعہ بگھاپورانہ ٹاؤن میں جمعرات کو پیش آیا تھا جب اکالی سرپنچ دلجیت کور کے شوہر پرمجیت سنگھ اور ان کے فرزند گروجیت سنگھ ایک مریض کے ساتھ خانگی ہاسپٹل سے رجوع ہوئے جہاں پر ایک نرس رمن دیپ کور نے مریض کو شریک کروانے کے لئے انھیں انتظار کرنے کی ہدایت دی لیکن پرمجیت سنگھ جوکہ مقامی اکالی لیڈر بھی ہیں۔ بلاتاخیر مریض کو شریک کرنے کا اصرار کیا جس پر نرس نے کہاکہ ڈاکٹر سے ملاقات کے لئے 2 منٹ انتظار کیا جائے۔ لیکن باپ اور بیٹے نے صبری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نرس سے اُلجھ پڑے۔ دریں اثناء پرمجیت سنگھ نے نرس کو طمانچہ رسید کردیا۔ یہ منظر ہاسپٹل کے سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگیا۔اپوزیشن کانگریس نے اس واقعہ کی مذمت کی۔