اڑن بحری اڈہ کے آس پاس تلاشی مہم جاری ‘ بحریہ کی مہم ختم

ممبئی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ساحل ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں الرٹ کے ایک دن بعد بحریہ نے اپنی مہم ختم کردی  حالانکہ یہاں مختلف ایجنسیوں کی جانب سے مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ یہ الرٹ کل اڑن بحری اڈہ کے قریب مشتبہ افراد پائے جانے کی اطلاع کے بعد اختیار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ ابھی تک ایسے کسی مشتبہ فرد کو تلاش نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے جو پونے میں ہیں کہا کہ ابھی تک اس اطلاع کی کوئی توثیق نہیں ہوسکی ہے کہ واقعی یہاں کوئی مشتبہ افراد پائے گئے تھے ۔ ڈی جی پی ستیش ماتھر نے کہا کہ پولیس کی تلاشی مہم ابھی تک جاری ہے لیکن اب تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ بحریہ نے تاہم اس علاقہ میںاپنی مہم ختم کردی ہے ۔