کوراپٹ۔ 15 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان ہدہد کی آمد کے بعد عوامی نظام ٹرانسپورٹ کورا پٹ ملکانگری اور رایاگڑا اضلاع میں بحال کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ مینیجر او ایس آر ٹی سی جیپور راجندر پجاری نے کہا کہ ہماری تمام بسیں بشمول رات کی ایکسپریس بسیں منگل کے دن سے باقاعدہ راستوں پر چلنا شروع ہوگئی ہیں، کیونکہ سڑکیں صاف کردی گئی ہیں۔ آندھرا پردیش میں ہماری بس خدمات دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔ 100 سے زیادہ بسیں اڈیشہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن جنوبی اڈیشہ کی جانب سے چلائی جاتی ہیں۔ دیگر تمام خانگی بسیں بھی اتوار کے دن سے سمندری طوفان کی وجہ سے رکی ہوئی تھیں۔ مسافرین شدید مشکلات کا شکار تھے، تاہم کوراپٹ سے مختلف علاقوں کے لئے ٹرین خدمات ہنوز متاثر ہیں۔ جگدل پور ۔بھوبنیشور ، ہیراکھنڈ ایکسپریس کل رایا گڑا پر اور جگدل پور ۔ ہاؤڑا سامیلیشوری ایکسپریس ٹٹلاگڑھ پر مختصر وقت کے لئے روک دی گئی تھی کیونکہ کوراپٹ اور رایاگڑا کے درمیان مختلف مقامات پر زمین کھسکنے کی وجہ سے پٹریوں پر ملبہ جمع ہوگئے تھے اور ٹرین خدمات متاثر ہوئی تھیں۔ پٹریوں کی صفائی کے بعد ٹرین خدمات بحال کردی جائیں گی۔