اڈیشہ میں کشتی غرقاب، 26 ہلاک، 5 لاپتہ

بھوبنیشور ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ کے مہاندی ہری کانڈو میں کشتی غرقاب ہونے کی وجہ سے 26 افراد ہلاک اور 5 لاپتہ ہوگئے ہیں۔ یہ حادثہ مہاندی پر بنے ہری کانڈو باندھ میں اتوار کی دوپہر کو پیش آیا۔ کشتی میں تقریباً 125 افراد سوار تھے جن میں سے 90 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ کشتی میں سوار تمام افراد سمبل پور کے لائنس کلب سے تعلق رکھتے تھے اور اپنے افراد خاندان کے ساتھ تفریح کیلئے آئے تھے۔ اوڈیشہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے وہیں کانگریس کے جنرل سکریٹری راہول گاندھی نے بھی متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کشتی باندھ کے درمیان ایک نوکیلی چیز سے ٹکرا گئی اور اس میں پانی داخل ہوجانے کی وجہ سے کشتی ڈوب گئی۔ کشتی پر سوار افراد نے پانی سے باہر نکلنے کی کافی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو پائے۔ وزیراعلیٰ نوین پٹنائک نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے اعلان کیا ہیکہ اس حادثہ کے متاثرین کے علاج کا خرچ ان کی حکومت برداشت کرے گی۔