بھوبنیشور ۔6ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) اڈیشہ کے کئی حصوں میں جمعرات کو ہوئی شدید بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے کیونکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی شدید ہوگئی ہے اور اس سے جمعہ تک شدید بارش کا امکان ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی مقامات پر منگل سے شدید بارش ہوئی ہے ۔ نشیبی علاقے بشمول جگت سنگھ پور ‘ پوری ‘ کٹک ‘ کیندرا پارا ‘ جاجپور ‘ بھدرک اور خوردہ زیرآب ہوگئے ہیں ۔ شہر کٹک میں کئی علاقے بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ بندرگاہی ٹاؤن پراڈپ میں زندگی گویا تھم سی گئی ہے جہاں چہارشنبہ سے سب سے زیادہ 412ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔