اڈیشہ آتش فرو عملہ کی ہڑتال تیسرے دن میں داخل 6 ملازمین معطل

بھوبنیشور۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ آتش فرو عملہ کی ہڑتال آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی اور ایمرجنسی کال کی عدم جوابی پر حکومت نے محکمہ کے 6 ملازمین کو معطل کردیا۔ بلاسور ضلع کے الیا نال اور ضلع نیا گڑھ کے واسا نلا علاقہ میں آج شدید آگ بھڑک اٹھی تھی۔ چنانچہ آتش فرو عملہ نے جانے سے انکار کردیا ۔ اس کے علاوہ منگل کو ضلع میور بھنج کے علاقہ چتراڈا میں ایک تین سالہ لڑکے کی کنویں میں غرقاب ہونے سے موت واقع ہوگئی اور محکمہ فائر نے اس ایمرجنسی کال کو بھی نظرانداز کردیا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل فائر سرویس بی کے شرما نے آج بیان دیا کہ داسا پال، بلیہ پال اور چتروڈا علاقوں کے دو دو عملہ کو ایمرجنسی کال کے عدم جوابی پر معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت ہڑتالی عہدیداروں سے بات چیت کیلئے تیار ہے تو ہڑتال معطل کرنے میں کوئی قباحت نہیں اور ریاست میں اس ہڑتال کے سبب کسی بھی شخص کو اگر تکلیف پہونچی ہے تو اس کا نوٹ لیا جائے گا۔ خاص طور پر ایمرجنسی کالس کی عدم وصولی پر اسٹاف سزا کا مستوجب قرار پائے گا۔