اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کا 14 تا 22 مئی انعقاد

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں انٹر میڈیٹ امتحانات میں ناکام ہونے والے طلباء وطالبات کا قیمتی سال ضائع نہ ہونے کے لیے منعقد کئے جانے والے اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے پرامن و شفاف انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ اور اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کا ریاست بھر میں 14 تا 22 مئی انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ سکریٹری ریاستی بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آندھرا پردیش شریمتی اودئیے لکشمی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد کے لیے 9221 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ان اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم سپلیمنٹری امتحانات میں جملہ 4,84,591 طلباء وطالبات شرکت کررہے ہیں ۔ ان میں 1.75 لاکھ طلباء وطالبات حاصل کردہ نشانات سے زائد نشانات کے حصول کے لیے شرکت کررہے ہیں ۔ جب کہ 3.10 لاکھ طلباء وطالبات مختلف مضامین میں ناکام ہوجانے کی وجہ سے ان ناکام مضامین کا امتحان دینے کے لیے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کررہے ہیں ۔

سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آندھرا پردیش شریمتی اودئیے لکشمی نے مزید بتایا کہ سال اول کے انٹر اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کے اوقات صبح 9 بجے سے اور سال دوم کے امتحانی اوقات دوپہر ڈھائی بجے سے ہوں گے ۔ ان امتحانات کے لیے تمام تر انتظامات بالخصوص شدید گرما کے پیش نظر پانی کا انتظام ، طبی سہولتیں فارہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لانے اور تمام زیراکس سنٹرس کو بند رکھوانے کے انتظامات کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں ہیں ۔ اور تمام امتحانی مراکز میں سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آندھرا پردیش نے بتایا کہ امتحانی ہال ٹکٹس کی اجرائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدوار ( طلباء و طالبات ) اپنے کالجوں سے ہال ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں امیدوار ویب سائٹ jnanabhumi.ap.gov.an کے ذریعہ بھی اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرلے سکتے ہیں ۔ امتحانی مراکز تک مقررہ وقت پر طلباء وطالبات کے پہونچنے کے لیے آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ شریمتی اودئیے لکشمی نے مزید بتایا کہ 22 مئی کو اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی پرچوںکی جانچ کا آغاز کردیا جائے گا اور ماہ جون کے پہلے ہفتہ میں انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کی اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔۔