26 جنوری کو چند قیدیوں کی رہائی اور نئی زندگی شروع کرنے کا موقع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تلنگانہ کی مختلف جیلوں میں عمر قید کی سزا بھگتنے والے چند قیدیوں کو ان کے اچھے کردار اور حسن سلوک کے پیش نظر سزا کی تکمیل سے قبل رہا کیا جاسکتا ہے ۔ اس طرح وہ ایک نئی زندگی کی شروعات کرسکتے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ نے اچھے رکھ رکھاؤ کے حامل چند قیدیوں کو سزا کی تکمیل سے قبل رہا کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے جو مختلف جیلوں میں عمر قید کی سزاء بھگتنے والے قیدیوں کے کردار اور رکھ رکھاؤ کا جائزہ لیتے ہوئے چند قیدیوں کو مقررہ وقت سے قبل رہا کرنے کی سفارش کرسکتی ہے ۔ یہ قیدی جشن جمہوریہ ہند کے موقع پر 26 جنوری 2016 کو رہا کئے جاسکتے ہیں ۔ محکمہ محابس کے عہدیدار ایسے قیدیوں کی ایک فہرست داخل کرچکے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے ریاستی حکومت کو رہنمایانہ خطوط کا مسودہ پیش کیا گیا ہے ۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ قبل ازیں قیدیوں کی قبل از وقت رہائی پر سپریم کورٹ کا حکم التوا نافذ تھا جو ختم ہوچکا ہے ۔ بعض قیدیوں کے رکھ رکھا اور انکے سلوک میں بہتری کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ 26 جنوری کو چند قیدی رہا کئے جائیں گے ۔