اچھی کتابوں کا مطالعہ

بچو! اچھی کتابوں کا مطالعہ انسان کی روح کو مسرت اس کے ذہن کو وسعت اور اس کے قلب کو اطمینان بخشتا ہے ۔ ہمیں ایسی کتابوں کا انتخاب کرکے ان کا مطالعہ کرنا چاہئے جو ہم میں زندگی ، مذہب اور انسانی مسائل کا صحیح شعور پیدا کرتی ہوں ، زندگی گذارنے کا درس دیتی اور تہذیبی ارتقاء میں ہمارے کردار کو متعین کرتی ہوں ۔ اچھی کتابوں کے مطالعہ سے ہمارا وقت بھی ضائع ہونے سے بچ جائے گا ۔ اہم اور قیمتی باتیں اور اچھی اچھی تحریریں پڑھنے کو ملیں گی ۔ دور حاضر کو مدنظر رکھ کر سونچا جائے تو کتب بینی کی اہمیت ایک مسلم حیثیت کی حامل ہے ۔ کیونکہ آج اس ماحول میں صرف وہی قومیں ترقی کرسکتی ہیں جو ماضی کی تاریخ کا گہرا مطالعہ کرتی ہوں اور ماضی کی تاریخ کو ہمیشہ یاد رکھے ہوئے ہوں ۔ بدلتے ہوئے آج کے ماحول میں ہر صبح اور شام اپنے ساتھ کئی قسم کے تفکرات کو سمیٹے ہوئے رونما ہوتے ہیں ۔ جس کو سونچنے کے بعد ہم بے ساختہ کہہ سکتے ہیں کہ زندگی کے ہر پہلو اور ہر موڑ پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے لازمی ہے کہ ہم کتب بینی کی عادت ڈالیں ۔ ہم خود بھی کتابیں پڑھتے رہیں اور دوسروں کو بھی کتابیں پڑھے کی طرف راغب کرتے رہیں ۔ تاکہ وقت کے گذر جانے کے بعد کسی قسم کی کوئی سوچ ہمارا پیچھا نہ کرے ۔ نیز اچھی کتابوں کے مطالعہ کا شوق ایک بہترین شوق ہے اور اضافہ ، معلومات کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔ اچھی کتابیں پڑھنے سے ہمارا ذہن تیز ہوجاتا ہے اور ہم کسی بھی تحریر کو پڑھ کر سمجھنے کی قدرت رکھ سکتے ہیں ۔