اچھی صحت کی برقراری کے لیے چہل قدمی اور ورزش کرنے کی تلقین

طب کے میدان میں حضور اکرم ؐ کے بیش بہا ارشادات ، سمینار سے سرکردہ اطباء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( دکن نیوز ) : یونانی ادویات کا تمام تر معاملہ حضور اکرم ؐ سے جا ملتا ہے اس لیے کہ آپؐ کو اللہ رب العزت نے رحمتہ للعالمینؐ بناکر مبعوث کیا تو آپ ہر زاوئیے سے رحمت ہی رحمت ثابت ہوئے ۔ یہاں تک طب کے میدان میں آپؐ کے بیش بہا ارشادات اس بات کی ضمانت دیتے ہیں آج دنیا کے لوگ طب نبویؐ کو اپنا ہدف بناتے ہوئے آپ کے اصولوں پر اپنی زندگی کو گذارے گی تو وہ دنیا اور آخرت میں شفاء یاب ہوگی ۔ آج عالم اسلام میں طب نبویؐ بڑی زوروں سے اپنا اثر بتلا رہی ہے اس لیے مغربی دنیا آپؐ کے ارشادات کو مد نظر رکھتے ہوئے طب میں نئی نئی تحقیق کرنے پر آمادہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار عابد رسول خاں نے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس شاخ تلنگانہ کے زیر اہتمام طب نبوی سمینار اور حکیم اجمل خاں کی یوم وفات کے موقع پر یادگاری لکچر سے کیا ۔ جو سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن ( ایرہ گڈہ ) میں منعقد ہوا ۔ حکیم منور حسین کاظمی ڈائرکٹر سی آر آئی یو ایم حیدرآباد نے صدارت کی ۔ مولانا خواجہ سید غیاث الدین چشتی سابق دیوان جی اجمیر شریف جو مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے طب نبویؐ کی موجودہ دور میں اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ افتتاحی تقریب کے بعد اجلاس ڈاکٹر فخر الدین محمد ( میسکو ) کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں حکماء نے مختلف موضوعات پر اپنے مقالہ جات کو بڑے حسن و خوبی کے ساتھ پروجکٹر کی مدد سے پیش کئے ۔

 

حکیم سکندر حسین نے ’ طب نبوی کیا عصر حاضر میں قابل عمل ہے ‘ کے موضوع پر کہا کہ آپؐ کے ارشادات کی روشنی ایک مومن کو اس بات کا علم ہوچکا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر مرض کی دوا رکھی ہے اور جو اس دوا کو استعمال کرے گا تو وہ نہ صرف شفا یاب ہوگا بلکہ حب نبیؐ کا حقدار بھی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ طب نبوی سے یہ بات ثابت ہے کہ ایک مومن چہل قدمی اور روزانہ ورزش کی عادت ڈالے اور رات میں بھوکے پیٹ نہ سوئے آج دنیا جو تیز رفتاری سے ترقی کررہی ہے مسلمان اپنے ہاں اتنے اہم و پاکیزہ اصول رکھنے کے لیے اس مغربی تہذیب کے پیچھے دوڑے جارہے ہے ۔ ڈاکٹر محمد امجد اللہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر سی آئی یو ایم نے کہا کہ ان دنوں مہلک امراض بڑھ رہے ہیں اس سے تدارک کے لیے واحد راہ یہی ہے کہ ایک بندہ مومن اپنے آپ کو خالق کائنات کا ہو کر رہ جائے ۔ ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے کہا کہ قرآن نے مختلف مقامات پر پودوں ، جھاڑوں کا ذکر کیا جس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ انسانیت کے لیے شفاء یاب ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے کوئی بیماری پیدا کی بھی تو اس کے لیے دواؤں و علاج کا نظم بھی کیا ۔ انہوں نے شہد ، زیتون ، انگور ، انار ، مشک ، تلسی ، زیتون ، انجیر اور دیگر کے فوائد بتائے اور اس کے استعمال پر زور دیا ۔ محمد یسین سینئیر آئی ٹی ایکسپرٹ نے طب نبوی پر کہا کہ طب نبوی کے علاج کے ذریعہ آج کئی انسانوں کے ثمر آور نتائج حاصل ہوئے ۔ حکماء نے کلونجی ، مسواک کی عادت کو اپنانے پر زور دیا ۔ خواجہ بدر الدین صدیقی نے خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید غوث الدین جنرل سکریٹری آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس ، خواجہ بہاء الدین انصاری ، ڈاکٹر سید زین العابدین ، ڈاکٹر ایم اے ماجد و دیگر موجود تھے ۔ ڈاکٹر ابوالحسن اشرف نے شکریہ ادا کیا ۔۔