سی ای ڈی ایم میں ایڈسیٹ کوچنگ کی افتتاحی تقریب ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ایک اچھا استاد طلباء کی زندگی میں انقلاب برپا کرسکتا ہے اور اپنے شاگردوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مسابقت میں سب سے آگے رہنے کے قابل بنا سکتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم ، عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ طلباء میں احساس کمتری کو دور کرنا ، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ایک اچھے استاد کی پہچان ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود ، حکومت آندھرا پردیش کے زیر سرپرستی مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات سی ای ڈی ایم جامعہ عثمانیہ کی جانب سے گذشتہ انیس سال سے معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور حصول داخلہ اور حصول ملازمت کے مختلف مسابقتی امتحانات کے لیے انہیں تیار کرنے کے مختلف منصوبوں پر عمل آوری کی جارہی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں اور پہلے کی بہ نسبت زیادہ تعداد میں اقلیتی امیدوار تعلیم اور ملازمت کے مسابقتی امتحانات میں شریک ہورہے ہیں جن میں لڑکیوں کی قابل لحاظ تعداد شامل ہے اور یہ مثبت تبدیلی ایک درخشاں مستقبل کی آئینہ دار ہے ۔ ان خیالات کااظہار پروفیسر ایس اے شکور نے نظام کالج پر Ed-CET فری کوچنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ سی ای ڈی ایم کی جانب سے دی جانے والی معیاری کوچنگ اور مطالعاتی مواد نے امیدواروں کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار نبھایا ہے اور آج بھی اس سنٹر کی کوچنگ اور مطالعاتی مواد کی مانگ ہے ۔ حیدرآباد کے علاوہ کرنول ، گنٹور ، وشاکھا پٹنم ، نظام آباد ، محبوب نگر اور کدری ( اننت پور ) پر بھی ایڈ سیٹ کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ نیز حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں ایم سیٹ ، آئی سیٹ اور پالی سیٹ کوچنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں کوچنگ کے علاوہ مطالعاتی مواد بھی فراہم کیا جائے گا ۔ جناب شیخ چاند ساجد سینئیر پروجیکٹ آفیسر نے کہا کہ امیدوار نظم و ضبط اور پابندی وقت کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر رینک حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ اچھے کالج میں داخلہ مل سکے ۔ شیخ کریم النساء پروجیکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا ۔۔