بنکاک۔ 2؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ تھائی لینڈ کے 5 صوبوں میں آج انتخابات کی پُرامن رائے دہی منعقد کی گئی جہاں اپوزیشن نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کو روک دیا تھا۔ آج کی رائے دہی کے ذریعہ متنازعہ انتخابات کے پہلے مرحلہ کی تکمیل ہوگئی جس سے نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ رائے دہی تمام صوبوں میں پُرامن رہی۔ خاص بات یہ ہے کہ بنکاک میں 2 فروری کے قبل از وقت انتخابات کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اپوزیشن ڈیموکریٹ پارٹی نے وزیراعظم انگلک شناواترا کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ ڈیموکریٹ پارٹی کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ انگلک حکومت کی جگہ غیر منتخبہ عوامی کونسل کو دی جائے۔ حکومت مخالف احتجاجیوں نے اپوزیشن کے مستحکم گڑھ صوبوں میں رائے دہی روک دی تھی۔ بنکاک میں 2 فروری کو مقرر رائے دہی قبل از وقت 26 جنوری کو ہی کروادی گئی تھی۔