حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے قبل از وقت مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس، تلگودیشم ، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی پر مشتمل عظیم اتحاد کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے سی پی آئی امیدواروں کے ناموں کا آئندہ ایک ہفتہ میں اعلان کیا جائے گا۔ ریاستی سکریٹری سی پی آئی تلنگانہ مسٹر سی وینکٹ ریڈی نے یہ بات بتائی۔ اخباری نمائندوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی کیلئے عظیم اتحاد سے کم از کم 12 نشستیں فراہم کرنے کی خواہش کی جارہی ہے تاہم 9 نشستیں بھی فراہم کرنے پر اس پر بھی اکتفاء کرنے کیلئے سی پی آئی تیار ہے کیونکہ ہمارا اہم مقصد عظیم اتحاد کو مضبوط بنانا اور ٹی آر ایس کو شکست دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد میں کانگریس، سی پی آئی، تلگودیشم اور تلنگانہ جنا سمیتی اب تک ایک متفقہ سمجھوتہ پر پہنچ چکے ہیں اور فی الوقت نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بات چیت جاری ہے اور بہت جلد نشستوں کی تقسیم کے معاملہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ سکریٹری سی پی آئی نے بتایا کہ 10اکٹوبر تک سی پی آئی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ عظیم اتحاد میں شامل ہونے کیلئے منا اینٹی پارٹی ، لیبر پارٹی ، آر ایس پی اور فارورڈ بلاک جیسی پارٹیاں بھی پہل کررہی ہیں۔